ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہادائی تنازعہ ، سدرامیا اور مودی پر جناردھن پجاری کی تنقید

مہادائی تنازعہ ، سدرامیا اور مودی پر جناردھن پجاری کی تنقید

Sun, 14 Aug 2016 10:33:43    S.O. News Service

بنگلورو13؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)سینئر کانگریس لیڈر اور کے پی سی سی کے سابق صدر جناردھن پجار ی نے کہاکہ مہادائی تنازعہ کو سلجھانے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو صرف ایک منٹ کافی ہے۔ لیکن وہ اس مسئلے کو سلجھانا نہیں چاہتے۔ مودی کو چاہئے کہ فوری طور پر متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کریں اور اس مسئلے کو سلجھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے منگلور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہادائی معاملے میں ٹریبونل سے رجوع ہوکر ریاستی حکومت نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ریاست میں پانی ، زمین اور زبان کے مسئلے پر کانگریس کارکنان ہمیشہ سے کسی بھی قربانی کیلئے تیار رہے ہیں۔ اس کو سمجھتے ہ وئے حکومتوں کو کارروائی کرنی چاہئے۔ جناردھن پجاری نے کہا کہ عوام کو پینے کاپانی فراہم کرنا ان کے بنیادی حق کی تکمیل ہوگی۔ کوئی بھی حکومت اگر عوام کو پینے کا پانی مہیا کرانے میں تذبذب کرے تو اسے حق تلفی اور انسانی حقوق کی پامالی سمجھا جانا چاہئے۔ وزیر اعظم کو چاہئے کہ اس صورتحال پر توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ سدرامیا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے جناردھن پجاری نے کہاکہ سدرامیا کیلئے اب وقت اچھا نہیں ہے، انہیں یہ سمجھ لینا چاہئے۔ وقت کے ساتھ انہیں بھی بدلنے کی ضرورت ہے۔ مہادائی مسئلے پر انہوں نے سدرامیا کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ کانگریس رہنما نے کہاکہ مہادائی مسئلے سے نمٹنے میں مرکزی وریاستی حکومتیں پوری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے زور دینے کی خاطر پجاری نے ریاست کے تمام اراکین پارلیمان اور اراکین اسمبلی کو استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا اور کہاکہ ان کے استعفیٰ کے بعد جب حکومتیں گریں گی تب انہیں برابر کا سبق ملے گا۔


Share: